جموں: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون جگ نے کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے حقوق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ کانگریس ایسا صرف ووٹ بینک کے لئے کر رہی ہے۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘کانگریس ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے حقوق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے، کیونکہ اس پارٹی کو صرف ووٹ بینک دکھ رہا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ پارٹی آئین کو نظر انداز کرکے غیر آئینی کام کر رہی ہے۔
مسٹر چگ نے راہل گاندھی پر مسلم لیگ کا ایجنڈا چلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا: ‘راہل گاندھی جو ایجنڈا چلا رہے ہیں وہ مسلم لیگ کا ایجنڈا ہے’۔انہوں نے کہا: میں راہل گاندھی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ جو آپ کا ماڈل ہے یہ آئین مخالف ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘راہل گاندھی ایک طرف ہاتھ میں آئین لے کر چلتے ہیں لیکن دوسری طرف آئین مخالف کام کر رہے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے پاس کوئی لیڈر ہے نہ اس کے پاس کوئی پالیسی ہے۔
وزیر اعظم کے دورہ بہار کے بارے میں پوچھے جانے پر بی جے پی لیڈر نے کہا: ‘جب ملک میں کانگریس کی سرکار تھی تو کچھ ریاستوں کو نظر انداز کیا جا رہا تھا لیکن آج پی ایم مودی کی سرکار میں ملک کے ہر گوشہ میں تمام شعبوں میں وسیع پیمانے پر ترقی ہو رہی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ہماری سرکار کسی بھی ریاست کو پیچھے نہیں رہنے دے گی۔شری امرناتھ جی یاترا کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘پوتر یاترا کے لئے ایل جی سرکار نے پوری محنت کی ہے اور سرکار یاتریوں کے تحفظ اور ان کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے وعدہ بند ہے’۔