سری نگر: بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے لیڈروں اور کارکنوں نے جمعہ کے رو زیہاں جواہر نگر میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پارٹی لیڈر اور سابق رکن اسمبلی گریز فقیر محمد خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی گریز فقیر محمد خان نے جمعرات کو سرکاری رہائش گاہ واقع سری نگر میں مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیاتھا۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ یہ خود کشی کا معاملہ ہے تاہم تمام پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔
بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے لیڈروں اور کارکنوں نے جمعہ کے روز پارٹی ہیڈ کوارٹر پر متوفی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی جنت نشینی کے لئے دعا کی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت پیش کیا۔
لیڈروں نے فقیر محمد خان کو ایک بڑا سیاسی رہنما قرار دے کر کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کو لوگوں خاص طور پر پسماندہ طبقے کے لوگوں کی فلاح و بہبودی کے لئے وقف رکھا تھا۔
اس موقع پر پارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے میڈیا کو بتایا: ‘فقیر محمد خان صاحب غریبوں کی آواز تھے، وہ ایک بڑے لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک انسان دوست رہنما تھے’۔
انہوں نے کہا: ‘فقیر محمد نے گریز جیسے دور دراز علاقے میں بی جے پی کو بنیادی سطح پر مضبوط کیا’۔
ان کا کہنا ہے کہ متوفی لیڈر کی موت سے بی جے پی جموں وکشمیر کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔