کپواڑہ/چیف جسٹس جموں، کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس تاشی ربستن نے آج کپواڑہ میں جدید ترین ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی نئی عمارت کا اِفتتاح کیا۔ یہ اہم پیش رفت جموں و کشمیر اور لداخ میں عدالتی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کی جانب ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہوگی جس کا مقصد شہریوں کو اِنصاف تک بہتر رَسائی فراہم کرنا ہے۔چیف جسٹس نے اس نئی کورٹ کمپلیکس کا اِفتتاح بذریعہ ورچیول موڈ کیا جس میں ضلع کپوارہ کے ایڈمنسٹریٹیو جج جسٹس وسیم صادق نرگل بھی موجود تھے۔ اِس موقعہ پر پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج شازیہ تبسم، ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ جج کپواڑہ کھیم راج شرما، ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ جج ہندواڑہ ام کلثوم، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈن، ایس ایس پی کپواڑہ غلام جیلانی، عدالتی اَفسران،ممبران بار ایسوسی ایشن اور عدالتی عملہ بھی موجود تھا۔یہ نئی عمارت جدید سہولیات سے آراستہ عدالتی اَفسران، وکلأ اور عملے کے لئے بہتر کام کرنے کے ماحول کو یقینی بنائے گی جبکہ سائلین کے لئے زیادہ سہولیت اور مؤثر عدالتی نظام کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ اِس منصوبے سے حکومت کے عدلیہ کو مضبوط بنانے اور شفافیت و تیز تر قانونی معاملات کے حل کے عزم کو بھی تقویت ملتی ہے۔
اِفتتاحی تقریب کے دوران جسٹس تاشی ربستن نے منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور جدید عدالتی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک عمارت نہیں بلکہ اِنصاف تک رَسائی کو یقینی بنانے کا ایک عہد ہے۔
اُنہوں نے عدالتی نظام میں ڈیجیٹل انضمام کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا اور یقین دِلایا کہ اِسی طرح کے مزید اَقدامات پورے خطے میں عملائے جائیں گے تاکہ عدالتی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
چیف جسٹس نے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے والے تمام شراکت اروں بشمول عدلیہ، تعمیراتی ایجنسی اور سول اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔
جسٹس وسیم صادق نرگل نے اَپنے خطاب میں کہا کہ عدالتوں کی اہمیت اس دن سے مزید اُجاگر ہوتی ہے کیوں کہ یہ نئی عمارت اِنصاف کی فراہمی میں بالخصوص غریب اور پسماندہ طبقات کے لئے معاون ثابت ہوگی۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ نئی عمارت عدلیہ اور عوام کی ضروریات کو پورا کرے گی۔
پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج نے بھی خطاب کیا اور عدالت کی نئی عمارت کی تکمیل کے لئے تمام متعلقہ فریقین بالخصوص عدالتی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جس سے عدلیہ اور انصاف کی فراہمی کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے بھی اپنے خطاب میں عمارت کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے والے تمام شراکت داروںکا شکریہ اَدا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ یہ نئی عمارت عدالتی افسران اور عملے کو عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں مزید سہولت دے گی۔
کپواڑہ عدالت کی یہ نئی عمارت جموں و کشمیر اور لداخ میں عدالتی بنیادی ڈھانچے کو جدید اور وسیع کرنے کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے تاکہ انصاف کی فراہمی ہر شہری کے لئے زیادہ قابل رسائی اور مؤثر بنائی جا سکے۔





