سری نگر:جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ تنظیم کی بالادستی، تنظیم میں ربط و ضبط اور تنظیمی لائحہ عمل پر کاربند رہنے سے ہی ہم کامیابی اور کامرانی کے منازل طے کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کے مسائل و مشکلات کے حل کی خاطر سرکار کوشاں ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پارٹی ہیڈ کواٹر پر ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ زندگی کے آخری دم تک اس بات کو دہراتے رہے کہ ”عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہے اور سرداری عوام کا حق ہے“۔ جموںوکشمیر میں جبھی ایک جمہوری حکومت معرض وجود آئی جب عوام نے نیشنل کانفرنس کو بھر پور اشتراک اور تعاون فراہم کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے نیشنل کانفرنس کو صرف حکومت میں نہیں لایا بلکہ ایک باری بوجھ اور امتحان میں ڈال دیا جس پر ہمارے وزراءاور اراکین اسمبلی کو کھرا اُترنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ مجھے اُمید جس طرح سے ہمارے اسمبلی ممبران خصوصاً نوجوان اراکین اسمبلی دن رات ایک کرکے لوگوں کی راحت کیلئے کام کرتے رہیںگے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے نومنتخب ممبران اسمبلی ہر وقت لوگوں میں رہتے ہیں اور ہمیشہ لوگوں کیلئے دستیاب رہتے ہیں، میں اپنے اسمبلی ممبران سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسی طرح خود کو لوگوں کیلئے وقف رکھیں کیونکہ لوگوں نے اپنے قیمتی ووٹوں کے ذریعے چُنا ہے۔ ہمیں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوامی مفادات کو ترجیح دینی چاہئے ، یہی ہمارا لائحہ عمل ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا:’ حکومت کی حد درجہ کوشش یہی ہے کہ عوام کو راحت پہنچائی جائے انشاءاللہ ریاستی درجہ کی بحالی کے بعد حکومت مزید موثر طریقے سے عوامی راحت کے کام کرسکتی ہے۔‘
نیشنل کانفرنس صدر کے مطابق گذشتہ 10سال کے دوران جموں وکشمیر کو جس تباہی اور بربادی کے دہانے پر لاکھڑا کیا گیا نیشنل کانفرنس کی حکومت اس تاریخی ریاست کی شانِ رفتہ پھر ایک بار بحال کرکے ہی دم لے گی۔ ہم نے اپنے منشور میں جو بھی وعدے کئے ہیں اُن سب کو ایک ایک کرکے پورا کیاجائے گا۔