سری نگر:اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جمعرات کی صبح چھ مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران الیکٹرانک مواد اور مجرمانہ دستاویزات کو برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی بھرتی بے ضابطگیوں کے ایک کیس میں چھ مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
انہوں نے کہاکہ پولیس اسٹیشن اینٹی کرپشن بیورو میں اس ضمن میں پہلے ہی ایف آئی آر زیر نمبر 1/25کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز میں فائر مین، فائر مین ڈرائیور کی اسامیوں کو پر کرنے کی خاطر بے ضابطگیاں کا معاملہ سامنے آیا ۔موصوف ترجمان کے مطابق جمعرات کی صبح ملزم کے رہائشی مکان، دفتر اور سرکاری کواٹر سمیت چھ مقامات پر تلاشی کارروائی انجام دی گئی۔ان کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران ملزم کے گھر، دفتر اور سرکاری کواٹر سے متعدد الیکٹرانک مواد اور مجرمانہ کاغذات برآمد کئےگئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔