جمعہ, مئی ۱۶, ۲۰۲۵
17.6 C
Srinagar

اے ڈی جی پی جموں کے جعلی اکاؤنٹ کے ظاہر ہونے پر قانونی کارروائی شروع: پولیس

جموں: جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘فیس بک’ پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) جموں آنند جین کے جعلی اکاؤنٹ ظاہر ہونے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا: ‘ہماری جانکاری میں یہ بات آگئی کہ اے ڈی جی پی جموں آنند جین کے نام اور پروفائل تصویر اور ایک گمراہ کن تعارف کے ساتھ ایک جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا گیا ہے جس میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ وہ "محکمہ جموں و کشمیر کے اے ڈی جی پی، ڈائریکٹر، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز” سے وابستہ ہیں’۔انہوں نے کہا کہ یہ جعلی اکاؤنٹ عوام کو گمراہ کرنے اور ان کے اعتماد کا استحصال کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔


بیان میں کہا گیا: ‘ہم اس طرح کی غیر اخلاقی اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اورعوام سے گذارش ہے کہ وہ چوکس رہیں اور ایسے جعلی پروفائلز کے پیغامات، فرینڈ ریکویسٹ یا کسی بھی درخواست کا جواب دینے سے گریز کریں’۔انہوں نے کہا: ‘ماضی میں اس طرح کے گھوٹالوں کی مثالیں متاثرین کے لیے مالی نقصان اور جذباتی پریشانی کا باعث بنی ہیں’۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) جموں اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ دھوکہ دہی ایک سنگین خلاف ورزی اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ایسے سائبر جرائم کو بہت سنجیدگی سے لیتی ہے اور اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں فی الحال مکمل تحقیقات جاری ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ مجرموں کا احتساب کیا جائے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img