سری نگر :جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیرا آرچر راکیش کمار کو موقر ارجن ایوارڈ سے سرفراز ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ راکیش نے جموں و کشمیر اور قوم کا سر بے پناہ فخر بلند کیا ہے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی سے تعلق رکھنے والے پیرا آرچر راکیش کمار کو صدر جمہوریہ درو پدی مرمو نے ارجن ایوارڈ سے سر فراز کیا۔انہیں یہ ایوارڈ بین الاقوامی مقابلوں بشمول سال 2024 میں پیرس پیرا اولمپکس میں ان کا تاریخی کانسی کا تمغہ جیتناجہاں اس نے شیتل دیوی کے ساتھ مکسڈ ٹیم کمپاؤنڈ اوپن تیر اندازی ایونٹ میں شراکت کی تھی، میں ان کی شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے جمعہ کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘صدر جمہوریہ شری دروپدی مرمو سے موقر ارجن ایوارڈ ملنے پر راکیش کمار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا: ‘راکیش نے جموں و کشمیر اور قوم کا سر بے پناہ فخر بلند کیا ہے اور وہ نوجوان کھلاڑیوں اپنے حوصلے اور عزم سے متاثر کرتے رہیں گے’منوج سنہا نے راکیش کمار کی مزید کامیابی و عزت کے لئے دعا کی۔
قابل ذکر ہے کہ راکیش کمار نے سال 2020 میں ٹوکیو جاپان میں منعقدہ گرمائی پیرا اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔
انہوں نے فروری 2021 میں دبئی میں منعقد ہونے والے ساتویں فضا پیرا آرچری ورلڈ رینکنگ ٹورنامنٹ کے مردوں کے کمپاؤنڈ اوپن سیکشن میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔