سری نگر: پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی وحید پرہ کا کہنا ہے کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے جموں وکشمیر میں بہت کم منڈیٹ پر ایک ایسا سیاسی عمل شروع کیا جو ممکن نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب نے نہ صرف دو ملکوں بلکہ دو کشمیریوں اور دلی اور سری نگر کے درمیان دوریوں کو پاٹنے کی کوشش کی۔ان کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کو آج بھی مفتی صاحب کے نظریے کی ضرورت ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز مفتی محمد سعید کی نویں برسی کے موقع پر جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘آج ہم یہاں مرحوم مفتی محمد سعید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں، ان کے جموں و کشمیر کو بارڈر لس سٹیٹ بنانے، راستے کھولنے، آر پار لوگوں کے ملانے کے نظریے سے آج بھی لوگوں کی امیدیں وابستہ ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ مفتی سعید صاحب نے کم منڈیٹ پر جموں وکشمیر میں ایک ایسی سیاسی عمل کی شروعات کی جو ناممکن تھی۔
رکن اسمبلی نے کہا: ‘مفتی صاحب نے نہ صرف دو ملکوں کو بلکہ دو کشمیریوں کو اور دلی اور سری نگر کے درمیان دوریوں کو پاٹنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا: ‘آج کشمیری عوام مایوس ہے کہیں نہ کہیں کشمیری عوام کو مفتی صاحب کے نظریے کی ضرورت ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘نہ صرف راستے کھولنے بلکہ پکڑ دھکڑ، سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے مفتی صاحب کے پیغام کی ضرورت ہے جو انہوں نے سال 2002 میں سیاسی عمل شروع کرکے دیا تھا اس سیاسی عمل کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے’۔