جیسے ہی ایوان کا اجلاس شروع ہوا، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سوال نمبر پکارا، لیکن اپوزیشن نے ہنگامہ شروع کردیا۔ اسپیکر نے کہا کہ آپ لوگ وقفہ سوالات چلانے میں تعاون کریں۔
اس دوران قانون اور انصاف کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ بابا صاحب کی توہین کی ہے۔ بابا صاحب جب زندہ تھے تو ان کی تحقیر کی جاتی تھی۔ کانگریس نے اپنے دفتر میں بابا صاحب کی تصویر لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان زیریں کیلئے انتخابات میں کانگریس نے بابا صاحب کو شکست دی تھی۔ یہ وہ لوگ ہیں جو بابا صاحب کی توہین کرتے ہیں۔ ہم بابا صاحب کا احترام کرنے والے لوگ ہیں۔
مسٹر میگھوال نے کہا کہ یہ لوگ اس وجہ سے یہاں ہنگامہ برپا کر رہے ہیں کہ مسٹر شاہ نے آئین پر بحث کے دوران ایوان بالا-راجیہ سبھا میں جو کہا اور بابا صاحب کی تصویر لائے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو بابا صاحب کی توہین کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب بابا صاحب کا نام سنہری حروف میں لکھا جا رہا ہے، اس لیے یہ لوگ مجبوری میں بابا صاحب کا نام لے رہے ہیں۔
اس کے بعد ہنگامہ آرائی مزید بڑھ گئی جس کے باعث ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔