سری نگر: وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے سردیوں کا زور تیز تر ہوا ہے۔
وادی میں جنوبی کشمیر کا ضلع شوپیاں اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین مقام رہے ہیں۔
پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے جبکہ شوپیاں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وسطی کشمیر میں واقع دوسرے سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام اور گاندربل میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ اور کولگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سائیبریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ درس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 29 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 30 نومبر کی شام کو وادی کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں یکم اور 2 دسمبر کو بھی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 6 دسمبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہ وادی میں اگلے کچھ دنوں کے دوران سردیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے اور اس دوران صبح اور شام کے وقت ہلکی دھند بھی چھائی رہ سکتی ہے۔