یو این آئی
جھانسی، : اتر پردیش کے جھانسی میں مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ بچوں کی انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) میں آگ لگنے سے دس بچوں کی موت ہو گئی۔
این آئی سی یو وارڈ میں جمعہ کی رات آگ لگتے ہی موقع پر افراتفری مچ گئی اور وہاں موجود عملہ اور لوگ جن بچوں کو لے کر نکل سکتے تھے لے کر باہر نکلے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال انتظامیہ، ریسکیو ٹیم اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ حالات اتنے سنگین تھے کہ کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر بچوں کو باہر نکالا گیا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اویناش کمار نے کہا کہ میڈیکل کالج کے این آئی سی یو میں موجود عملے نے بادی النظر میں بتایا کہ اس وارڈ کے دو حصے ہیں، زیادہ نازک بچوں کو رکھنے کے لیے اندرونی یونٹ اور کم نازک بچوں کے لیے بیرونی یونٹ۔ آگ رات 10.30 بجے لگی، ممکنہ طور پر یونٹ کے اندر سے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔ بیرونی یونٹ کے تقریباً تمام بچوں کو بچا لیا گیا ہے۔
اندرونی یونٹ سے بھی کئی بچوں کو بچا لیا گیا لیکن ابتدائی طور پر دس بچوں کی موت ہوگئی۔ ریسکیو کام جاری ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیم بروقت موقع پر پہنچ گئی۔ شدید زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ کمشنر اور ڈی آئی جی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مرنے والوں کی روح کے سکون کے لئے پرارتھنا کی ہے اور افسران کو جنگی بنیادوں پر راحت اور بچاؤ کام انجام دینے کا حکم دیا ہے۔
مودی نے جھانسی میڈیکل کالج میں آگ لگنے سے نومولود بچوں کی موت پر کیا دکھ کا اظہار
وزیر اعظم نریندر مودی نے جھانسی میڈیکل کالج میں آگ لگنے سے نوزائیدہ بچوں کی موت پر غم کا اظہار کیا۔مودی نے ہفتہ کو ایکس پر کہا ’’دل دہلا دینے والا! اتر پردیش کے جھانسی کے میڈیکل کالج میں آگ لگنے کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ ان لوگوں کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے جنہوں نے اپنے معصوم بچوں کو کھو دیا ہے۔
ایشور سے کرتے ہیں کہ وہ انہیں اس بے پناہ دکھ کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔ ریاستی حکومت کی نگرانی میں، مقامی انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔‘‘
مسٹر مودی نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ہر ایک کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کی دیر رات جھانسی کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ بچوں کی انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) میں آگ لگنے سے دس بچوں کی موت ہو گئی۔
وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرنے والوں کی روح کے سکون کے لئے پرارتھنا کی اور افسران کو جنگی بنیادوں پر راحت اور بچاؤ کام انجام دینے کا حکم دیا۔
یو این آئی