واشنگٹن: امریکہ میں 47 ویں صدر کے انتخاب متعدد ریاستوں میں پولنگ اختتام کو پہنچ گئی، معلق ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے، ری پبلکن امیدوار نے فلوریڈا، کنیکٹکی، انڈیانا،مغربی ورجینیا،میسوری، اوکلوہاما،ٹینیسی اور الاباما میں میدان مارلیا، ورمونٹ، ڈیلیاویئر، میسی سیپی میں ڈیموکریٹ امیدوار فاتح قرار پائیں۔
صدارتی انتخاب میں جیت کے لیے 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں جبکہ 7 پانسہ پلٹ ریاستیں ایریزونا، جیورجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا اور اور وسکونس جیت کی راہ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
امریکی نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکہ‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک 198 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے جبکہ کملا ہیرس 112 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست انڈیانا، کینٹکی، مغربی ورجینیا، ٹینیسی، جنوبی کیرولائنا، فلوریڈا، الاباما، میسیسپی، آرکنساس، اوکلوہاما، لوزیانا، نبراسکا، جنوبی ڈکوٹا، شمالی ڈکوٹا اور ویومنگ میں کامیابی حاصل کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ٹیکساس سے 40، فلوریڈا میں 30، اوہایو 17،انڈیانا اور ٹینیسی میں 11، 11، جنوبی کیرولائنا اور الاباما میں 9،9، کینٹکی اور لوزیانا 8، 8،اوکلوہاما7 ، میسیسپی اور آرکنساس6،6،نبراسکا5، مغربی ورجینیا 4، جنوبی ڈکوٹا، شمالی ڈکوٹا اور ویومنگ میں 3،3 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔
کملا ہیرس نے ورمونٹ، الینوئے، نیوجرسی، میری لینڈ، ڈیلویئر، کنیکٹیکٹ، میسا چیوسٹس اور ورمونٹ میں کامیابی حاصل کی، انہوں نے الینوئے میں 19، نیوجرسی میں 14، میری لینڈ میں 10، ڈیلویئر میں 3، کنیکٹیکٹ میں 7، میسا چیوسٹس میں 11 اور ورمونٹ میں 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔
الجزیرہ کے مطابق سینیٹ کی 46 نشستوں پر ریپبلکنز اور 34 پر ڈیموکریٹس کو سبقت حاصل ہے جبکہ سی این این کے مطابق ایوان نمائندگان میں بھی 103 نشستوں پر ری پبلکنز جبکہ 63 پر ڈیموکریٹس آگے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق امریکی انتخابات میں سب سے پہلے ریاست انڈیانا پاکستانی وقت کےمطابق صبح 4 بجے پولنگ کا وقت مکمل ہوا، جس کے بعد کینٹیکی،الاباما ،ایریزونا ، فلوریڈا اور جارجیا سمیت 16 سے زائد ریاستوں میں پولنگ مکمل ہوگئی، تقریباً تمام ریاستوں میں پولنگ کا عمل12گھنٹے بلا تعطل جاری رہا، واضح رہے کہ امریکا میں 6 مختلف ٹائم زونزکے باعث پولنگ کا اختتام مختلف اوقات میں ہو گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدارتی انتخابات میں ساڑھے 16 کروڑ ووٹرز حق رائے دہی کااستعمال کررہے ہیں جبکہ قبل از وقت ووٹنگ میں 8کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرچکے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق 7 معلق ریاستوں کا پولنگ ڈیٹا سامنے آگیا، پینسلوانیا، مشی گن اور وسکونسن میں کاملا ہیرس آگے ہیں جبکہ نیواڈا، جارجیا، شمالی کیرولائنا اور ایریزونا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو موجودہ نائب صدر پر برتری حاصل ہے جبکہ رائےعامہ کے جائزوں میں کملا کوٹرمپ پرایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔
ریپبلکن صدارتی امیدار ڈونلڈٹرمپ نے اب تک کے انتخابی عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہاکہ شکست ہوئی تو تسلیم کروں گا تاہم سابق صدر نے اپنے سوشل میڈیا ’ٹرتھ‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ’فلاڈلفیا میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی باتیں ہورہی ہیں، قانون نافذ کرنے والے آرہے ہیں‘۔
فلاڈیلفیا پولیس ڈیپارٹمنٹ نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ’وہ ٹرمپ کے دعوے سے آگاہ نہیں تھے اور وہ ووٹنگ میں کسی ایسے مسئلے کے بارے میں نہیں جانتے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ردعمل کی ضرورت ہو‘۔
فلاڈیلفیا کے سٹی کمشنر سیٹھ بلوسٹین نے منگل کو ایکس پر کہا کہ ٹرمپ کے الزام میں ’ کوئی سچائی نہیں ہے، فلاڈیلفیا میں ووٹنگ محفوظ رہی ہے’۔
یو این آئی