سری نگر: سری نگر پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے لداخ کے ایک رہائشی کو لیہہ – منالی ہائی وے پر پٹرول پمپ کی منظوری کے بہانے 14.5 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا: ’ رنچن انگچوک ولد کنگا پلڈان ساکن نانگ لیہہ لداخ نامی ایک شخص کی تحریری اطلاع پر سری نگر پولیس نے اپنے جعلی اثر و رسوخ کا استعمال کرکے لیہہ میں ایک پٹرول پمپ کی منظوری کے بہانے شکایت کنندہ سے دھوکہ دہی سے 14 لاکھ 48 ہزار 8 سو 29 روپے وصولنے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کی‘۔
بیان میں ملزم کی شناخت مرزا سجاد حسین بیگ ولد مرزا علی محمد بیگ ساکن خوشی پوری ایچ ایم ٹی کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا: ’پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پارمپورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں‘۔
پولیس ترجمان نے بتایا:’ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ شخص عادی مجرم ہے اور وادی بھر میں دھوکہ دہی سے متعلق کئی معاملات میں ملوث ہے‘۔
انہوں نے کہا: ’مذکورہ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن بارہمولہ،پولیس اسٹیشن زڈی بل، اکونامک اوفنسز ونگ، کرائم برانچ سری نگر میں مقدمے درج ہیں‘۔
پولیس کا کہنا ہے:’ان مقدمات کے علاوہ ملزم کے خلاف مختلف معزز عدالتوں میں نیگوشی ایبل انسٹرومنٹ ایکٹ کی دفعہ 138 کے تحت متعدد شکایات درج ہیں‘۔
انہوں نے کہا:’ مزید یہ کہ متعدد عدالتوں کی جانب سے مذکورہ ملزم کے خلاف گرفتاری کے کئی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں‘۔
پولیس ترجمان نے بتایا: ’ملزم کا طریقہ کار یہ تھا کہ وہ اپنے آپ کو ایک اہم اثر و رسوخ رکھنے والا شخص ظاہر کرکے اکثر خود کو سیاسی دائروں سے جوڑتا تھا اور حفاظتی تحفظ حاصل کرنے کے لیے انتخابی عمل میں حصہ لیتا تھا‘۔
انہوں نے کہا:’ ملزم اس بہانے کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو یہ یقین دلاتا تھا کہ اس کے طاقتور روابط ہیں اور اپنے متاثرین کا اعتماد حاصل کرکے وہ ان سے بڑی رقم اینٹھ کر ان سے دھوکہ دہی کرتا تھا‘۔
پولیس نے مزید لوگوں سے کہا کہ وہ ایسے افراد سے ہوشیار رہیں اور کوئی بھی مالی وعدہ کرنے سے پہلے ایسے لوگوں کی اسناد کی تصدیق کر لیں۔