نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ذریعہ کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا انتخاب غیر قانونی طور پر کرایا جا رہا ہے، جو کہ حیران کن ہے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے قانون میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ایوان کی میٹنگ بلانے کا حق صرف میئر کو ہے۔ میئر کے علاوہ کسی اور کو ایوان کا اجلاس بلانے کا حق نہیں ہے۔ ایوان کا اجلاس صرف میئر ہی بلا سکتی ہیں اور وہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے ضابطوں کو نظر انداز کرکے ایوان کا اجلاس طلب کیا اور ایک آئی اے ایس افسر کو اس کی صدارت کے لیے نامزد کیا۔ ہم جمہوریت میں رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ قانون میں لکھا ہے کہ جب بھی ایوان بلایا جائے گا، اسے 72 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ اگر کوئی کونسلر باہر گیا ہو یا دستیاب نہ ہو تو اسے وقت پر پہنچنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ لگتا ہے ان کی نیت میں کوئی خامی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ انتخابات میں کچھ غلط کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس وجہ سے وہ کسی بھی طریقے سے الیکشن کرانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ میئر نے کارپوریشن کے کمشنر کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو دوپہر ایک بجے ہونے والے اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی کارپوریشن کے کمشنر کو حکم دیا گیا ہے کہ آج یہ الیکشن نہیں کرایا جائے ۔
یو این آئی





