پیرس،:فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کھیلوں کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس کا اختتام ہو گیا ہے۔ 11 اگست کو پیرس میں فرانس کے نیشنل اسٹیڈیم میں اولمپکس کی رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں معروف اداکار ٹام کروز سمیت کئی فن کاروں نے شرکت کی۔ تقریب میں شان دار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اولمپکس 2024 کا آغاز 26 جولائی کو ہوا تھا جو دو سے زائد ہفتوں تک جاری رہا۔ اب اولمپکس کا میلہ سال 2028 میں امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں سجے گا۔ پیرس اولمپکس میں میڈلز ٹیبل پر سر فہرست امریکہ رہا جس نے مجموعی طور پر 126 تمغے حاصل کیے جن میں 40 گولڈ میڈل شامل ہیں جب کہ چین نے بھی 40 گولڈ میڈل اپنے نام کیے تاہم اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 91 رہی۔ تیسرے نمبر پر جاپان رہا جس کے تمغوں کی تعداد 45 تھی جن میں 20 گولڈ میڈل شامل ہیں۔
اتوار کی رات دیر تقریباً 80 ہزار شائقین کی موجودگی میں اسٹیڈ ڈی فرانس اسٹیڈیم میں روایتی انداز میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریڈ ہاٹ چلی پیپرز کی موسیقی اور رنگ برنگی روشنیوں، آتش بازی، آرٹ اور رقص کے ساتھ اختتامی تقریب مکمل ہوئی۔تقریب میں لاس اینجلس کو 2028 کے اگلے اولمپکس کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی۔