جمعرات, جولائی ۳, ۲۰۲۵
20.3 C
Srinagar

رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی کی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی نے وزیر داخلہ شری امت شاہ سے ملاقات کی اور ان سے جموں و کشمیر کے ان سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کے لئے کہا جو برسوں سے بغیر کسی مقدمے کے قید ہیں، اور ان لوگوں کو کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے کا بھی کہا جن کے کیس زیر سماعت ہیں اور ابھی تک سزا یافتہ نہیں ہیں۔
رکن پارلیمان نے وزیر داخلہ کو اس سلسلے میں ایک تحریری خط بھی پیش کیا جس میں کہا ہے کہ ”میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے نمائندے کے طور پر آپ کے نوٹس میں لانا چاہوں گا کہ وادی کے مختلف علاقوں کافی تعداد میں لوگوں کو قید کیا گیا ہے،اگر چہ ان میں سے بہت سے مجرم قرار دیے گئے ہیں تاہم ایک اچھی خاصی تعداد کے کیس زیر سماعت ہیں یا بغیر کسی ٹرائل کے قید ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں قید ہیں۔
بغیر کسی مقدمے کے قید کئے جانے والے زیادہ تر قیدی نوجوان ہیں، حکومت کی جانب سے ان لوگوں کو ایسی عمر میں قید رکھنا ناانصافی ہے جو کیرئیر اور قوم کی تعمیر کے لئے اہم ہوتے ہیں۔ لہٰذا، میں ان کی رہائی کو ضروری سمجھتا ہوں، اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ قیدیوں کو بغیر کسی مقدمے کے جلد از جلد رہا کیا جائے۔“
انہوں نے خط میں مزید لکھا ہے کہ جموں و کشمیر کے صوبہ کشمیر کے موسمی حالات باقی ملک سے مختلف ہیں، ایسے قیدی جو سزا یافتہ ہیں یا زیر سماعت ہیں، انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وادی میں منتقل کیا جانا چاہیے۔ان قیدیوں کے لواحقین کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں جسمانی اور مالی طور پر ان سے ملنا بھی مشکل ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img