نئی دہلی: ملک کی سات ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ آج صبح 7 بجے سے شروع ہوگئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
ضمنی انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور پرامن طریقے سے کرانے کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جن سات ریاستوں کی اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے ان میں مغربی بنگال کی چار، ہماچل کی تین، اتراکھنڈ کی دو اور مدھیہ پردیش، بہار، پنجاب اور تمل ناڈو کی ایک ایک سیٹ شامل ہے۔
مغربی بنگال کی جن چار سیٹوں پر آج ووٹنگ ہو رہی ہے، ان میں سے تین جنوبی بنگال کی مانیکتلہ، راناگھاٹ جنوبی اور بگداہ سیٹیں ہیں اور چوتھی سیٹ شمالی بنگال کے شمالی دیناج پور ضلع کے رائے گنج کی ہے۔
ہماچل پردیش کے دیہرہ، ہمیر پور اور نالہ گڑھ میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ 2022 میں، دیہرہ سے آزاد ایم ایل اے ہوشیار سنگھ، ہمیر پور سے آشیش شرما اور نالہ گڑھ سے کے ایل ٹھاکر نے ترقیاتی کام میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس ضمنی انتخاب میں وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو کی اہلیہ کملیش ٹھاکر دیہرا اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ یہاں ان کا مقابلہ بی جے پی کے ہوشیار سنگھ سے ہے۔
اتراکھنڈ کی دو سیٹوں منگلور اور بدری ناتھ پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ گزشتہ اکتوبر میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ایم ایل اے ثروت کریم انصاری کی موت کے بعد منگلور اسمبلی سیٹ خالی ہوئی تھی۔ منگلور سیٹ پر، کانگریس کے سابق ایم ایل اے قاضی نظام الدین اور بی ایس پی نے ہمدردی حاصل کرنے کے لیے آنجہانی ثروت کریم انصاری کے بیٹے عبید الرحمن کو میدان میں اتارا ہے۔ بدری ناتھ سیٹ پر اصل مقابلہ کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے راجندر بھنڈاری اور کانگریس کے لکھپت سنگھ بھٹولا کے درمیان ہے۔
یواین آئی