سری نگر:جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں لشکر طیبہ کے مقتول کمانڈر ریاض احمد ڈار اور رئیس احمد ڈار کے او جی ڈبلیو نیٹ ورک سے 6 کلو گرام وزنی دو آئی ای ڈیز بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا’’2 اور 3 جون کی درمیانی شب ریاض احمد دار ولد عبدالعزیز ڈار ستھر گنڈ اور رئیس احمد ڈار ولد محی الدین ڈار ساکن لارو نامی دو دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں ایک مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پلوامہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی طرف سے نیہامہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران وہاں چھپے دو دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
بیان میں کہا گیا’’اس آپریشن کے دوران لشکر طیبہ کمانڈر ریاض ڈار اور اس کے ساتھی رئیس ڈار جو دونوں ’اے‘ کیٹگری کے دہشت گرد ہیں، کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا اور تلاشی کے دوران اے کے 47 رائفلوں، اے کے 47 گولیوں، پستولوں وغیرہ سمیت قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کاکہ پورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے کہا ’’کیس کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ دہشت گردوں کو بلال احمد لون ولد غلام قادر لون، سجاد گنائی ولد نذیر گنائی اور شاکر بشیر ولد بشیر احمد ساکنان نیہامہ نامی او جی ڈبلیوز نے پناہ دی تھی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ او جی ڈبلیو کے اس نیٹ ورک کو تباہ کرکے مذکورہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ’’تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ دونوں مہلوک دہشت گردوں نے آئی ای ڈیز تیار کی تھیں جو شاکر بشیر کے قبضے سے بر آمد ہوئیں جن کو اس نے باغ میں چھپا رکھا تھا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’مذکورہ آئی ای ڈیزن کو ایک پلاسٹک کنٹینر میں دھماکہ خیز مواد اور 6 کلو وزنی ایکٹو سرکٹ ٹرگر میکانزن سے پیک کیا گیا تھا جس کو بعد میں پولیس اور فوج نے ناکارہ بنا دیا۔‘‘
پولیس بیان کے مطابق اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔