کولمبو: سری لنکا میں مانسون کی بارشوں سے آئے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم سات افراد کی موت ہو گئی ہے۔ ملک کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر (ڈی ایم سی) نے یہ اطلاع دی۔
دارالحکومت کولمبو کے باہر سیتاواکا میں ایک گھر پر سیلابی پانی سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے۔
کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہے اور اسکولوں کو پیر کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نو اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
بی بی سی کی سنہالا سروس نے ڈی ایم سی کے ڈائریکٹر پردیپ کوڈیپلی کے حوالے سے بتایا کہ کولمبو اور جنوب میں دیگر علاقوں میں سیلاب کا خطرہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
مسٹر کوڈیپلی نے کہا کہ ’’کئی علاقوں میں مبینہ طور پر اب تک 400 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ معمولی سیلاب کا خطرہ بڑھ کر بڑے سیلاب کے خطرے میں بدل رہا ہے۔‘‘
انہوں نے سری لنکا کے لوگوں سے اپیل کہ وہ حکومت اور ڈی ایم سی کے ہنگامی اعلانات پر توجہ دیں۔
ڈی ایم سی نے کہا کہ ملک کے 25 میں سے 20 اضلاع بارش سے متاثر ہیں۔ حکومت نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔
فضائیہ کے ترجمان کیپٹن دوشن وجے سنگھے نے بی بی سی سنہالی کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے تین ہیلی کاپٹر اور ریسکیو ٹیمیں پہلے ہی تعینات کر دی گئی ہیں۔
بحریہ کے ترجمان کیپٹن گیان وکرماسوریہ نے بتایا کہ 10 بحری ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور 116 ٹیمیں تعیناتی کے لیے تیار ہیں۔ فوج نے کہا کہ وہ بے گھر لوگوں کو خوراک فراہم کر رہی ہے۔
بجلی اور توانائی کی وزارت کی سلکشنا جے وردھنے نے کہا کہ کچھ علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی ہے۔ مسٹر جے وردھنے نے کہا ’’ہم نے ڈی ایم سی کے ساتھ مل کر ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی ہے۔ سیلاب کم ہونے کے بعد، ہم صورتحال کو دیکھیں گے اور بجلی کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔