شری امرناتھ جی یاترا کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع

شری امرناتھ جی یاترا کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع

جموں: شری امرناتھ شرائن بورڈ کے اعلان کے ساتھ ہی سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے لئے پیر کے روز رجسٹریشن کرنے کا عمل شروع ہوا۔
بتادیں کہ شری امرناتھ شرائن بورڈ کے مطابق امسال امر ناتھ جی یاترا 29 جون سے شروع ہو کر 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی اور امسال یہ یاترا 52 دنوں پر محیط ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر سے منتخب شدہ بینک برانچوں پر یاترا کے لئے رجسٹریشن کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پنجاب نیشنل بینک، سٹیٹ بینک اور یس بینک کی 540 شاخوں میں یاترا کے لئے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں پنجاب نیشنل بینک، سٹیٹ بینک اور جموں وکشمیر بینک کی 21 شاخوں میں یاترا کے لئے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جموں وکشمیر بینک کی جن شاخوں میں رجسٹریشن کی جا سکتی ہے ان میں ڈوڈہ، بخشی نگر، گاندھی نگر، رزیڈنسی روڈ، بھلاور، پونچھ، راجوری، رام بن، کرن نگر، سری نگر، اودھم پور مین اور کشتواڑ شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لداخ یونین ٹریٹری میں یاتری لیہہ میں جموں و کشمیر کی بینک شاخ میں رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 31 برس کی عمر سے کم اور 75 برس کی عمر سے زیادہ افراد کو یاترا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ادھر جموں میں پیر کے روز منتخب شدہ بینک شاخوں پر رجسٹریشن کرنے والوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
ایک یاتری نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘میں بہت خوش ہوں، اس دن کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے، میں نے پہلے ہی دن رجسٹریشن کی’۔
انہوں نے کہا: ‘یہاں بینکوں میں تمام سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں، اور دوسرے مقامات پر بھی تمام تر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، مجھے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا’۔
ایک بینک عہدیدار نے کہا کہ امسال یاتریوں میں زیادہ ہی شوق دیکھا جا رہا ہے اور رجسٹریشن کے لئے پہلے ہی دن سے عقیدت مندوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے’۔
بتادیں کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں شری امرناتھ جی یاترا بورڈ کی اتوار کے روز ایک میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں یاترا کے شیڈول فیصلہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق امسال بھی حسب معمول یاترا جنوبی کشمیر کے پہلگام روڈ اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بالتل روڈ سے بہ یک وقت شروع ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.