رام بن میں قومی شاہراہ پر دلدوز سڑک حادثہ، 10 افراد فوت، ریسکیو آپریشن جاری

رام بن میں قومی شاہراہ پر دلدوز سڑک حادثہ، 10 افراد فوت، ریسکیو آپریشن جاری

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک ایک دلدوز سڑک حادثے میں 10 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ بچائو آپریشن وسیع پیمانے پر جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جموں سے سری نگر جارہی ایک تویرا گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور فی الوقت دس لاشوں کو کھائی سے نکالا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار یہ مسافر مزودر لگتے ہیں جو کام کے سلسلے میں سری نگر جا رہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ گاڑی میں سوار کل مسافروں کی تعداد ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم قریب ہزار فٹ کھائی سے اب تک 10 لاشیں نکالی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کا رجسٹریشن نمبر بھی ابھی معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم بچائو آپریشن ہنوز جاری ہے۔

دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندرا سنگھ نے اس دلخراش سڑک حادثے پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘رام بن کے چشمہ شاہی علاقے کے نزدیک جموں – سری نگر قومی شاہراہ پر پیش آنے والے دلدوز سڑک حادثے جس میں ایک ٹیکسی کے گہری کھائی میں جا گرنے سے 10 افراد کی موت واقع ہوئی، کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ رام بن بصیر الحق کے ساتھ بات کی’۔انہوں نے کہا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سیول کیو آر ٹی جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں اور بچائو آپریشن جاری ہے، میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں’۔

موصوف وزیر نے پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.