کشمیر کے مشہور باغ گل لالہ کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا

کشمیر کے مشہور باغ گل لالہ کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا

سری نگر: سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو خوشگوار موسمی صورتحال کے بیچ ہفتے کے روز سیلانیوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھو دیا گیا۔

یو این آئی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ پہلے ہی دن مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد باغ کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے باغ میں موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ باغ میں ہر سو مختلف قسموں کے پھول سیاحوں کی آمد کے منتظر ہیں۔

اس موقع پر باغ کے انچارج آصف یتو نے بتایا: ‘باغ میں موجود سیاحوں کے چہرے مسکراہٹ سے کھلے ہوئے ہیں اور آج یہاں ملکی و غیر ملکی سیاح اس کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ اس باغ کا تجربہ سیاحوں کے دل و دماغ پر تا دیر چھایا رہے گا۔

ایک غیر مقامی سیاح نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘یہاں پہنچ کر سکون مل گیا ایسا لگا جیسے ہم سیدھے جنت میں داخل ہوئے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ یہاں کا نظارہ قابل دید ہے اور بے شمار قسموں کے پھول دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

متعلقہ حکام کے مطابق اس سال باغ میں73 قسموں کے 17 لاکھ پھول کھلے ہیں جن میں 5 نئی قسمیں شامل ہیں۔

۔قابل ذکر ہے کہ اندرا گاندھی میموریل ٹلپ گارڈن کے نام سے موسوم اس باغ کو سال 2008 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے قوم کے نام وقف کیا تھا۔اس باغ گل لالہ کے قیام کا بنیادی مقصد وادی میں شعبہ سیاحت کو مزید فروغ دینا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.