سڑک حادثے:اودھم پور میں ایک نوجوان کی موت، پونچھ میں تین نوجوان زخمی

سڑک حادثے:اودھم پور میں ایک نوجوان کی موت، پونچھ میں تین نوجوان زخمی

جموں: جموں وکشمیر کے اودھم پور اور پونچھ اضلاع میں ہفتے کی صبح پیش آنے والے دو الگ الگ سڑک حادثوں میں ایک نوجوان کی موت جبکہ تین نوجوان زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اودھم پور میں جاکھنی چوک میں قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز ایک نوجوان کی ایک ٹرک زیر نمبرJK05H – 2051 کے نیچے آکر موت واقع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ٹرک پر چڑھ رہا تھا کہ اس دوران اس کا پیر پھسل گیا اور وہ ٹرک کے نیچے آگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرچہ اس نوجوان کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اودھم پور پہنچایا گیا لیکن وہاں موجود ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت 20 سالہ مزمل رفیق ولد رفیق احمد ساکن ہندواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
ایک اور واقعے میں پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک قصبہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک سڑک حادثے میں 3 نوجوان زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک قصبہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی جا گری جس کے نتیجے میں تین نوجوان زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو نکال کر فوری طور پر علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح کے قریب ساڑھے نو بجے پیش آیا ہے اور اس میں تین نوجوان زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے زخمیوں کی شناخت 17 سالہ رضوان ولد طارق حسین ساکن قصبہ، 18 سالہ ظہور احمد ولد کمال الدین ساکن قصبہ اور 18 طارق ولد صراف الدین ساکن قصبہ کے طور پر ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔
دری اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.