جموں: وزیر اعظم دفتر میں تعینات مرکزی وزیر ڈاکٹرجتیندر سنگھ نے ہفتے کے روز کہاکہ مودی نے دفعہ 370ہٹا کر ادھورے کام کو پورا کیاہے۔انہوں نے کہاکہ راجوری حملے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایجنسیاں اس معاملے پر کام کررہی ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کا فیصلہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ادھورے کام کوپورا کیا ہے۔ان کے مطابق اس قانون کو منسوخ کرکے مودی نے جموں وکشمیر کے لوگوں پر بہت بڑا احسان کیا۔مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ اس قانون کے ہوتے ہوئے لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہو رہی تھی۔راجوری کے بفلیاز میں دہشت گرد حملے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہا:”راجوری حملے کونظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، ایجنسیاں اس معاملے پر کام کررہی ہیں۔“انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات کو پوری طرح سے معمول پر لانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔





