یونیورسٹی کے طلبہ میں سخن ورانہ ذوق قابل ِرشک:پروفیسر ایم اے اے صدیقی ، طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایشین میل وعدہ بند :رشید راہل
شوکت ساحل
سرینگر:: شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (زرعی یونیورسٹی کشمیر) کے آڈیٹوریم میں جمعہ کو ایک محفل ِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔ مشاعرہ کا اہتمام زرعی یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف اسٹوڈنٹ ویلفیئر نے فلیگ شپ21روزہ ارتقافاو¿نڈیشن پروگرام2023 کے تحت کیا ،جس کا عنوان(LIVE to LEED)ہے ۔
مشاعرے کی صدارت ادارہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ ، مصنف وشاعر رشید راہل نے کی۔محفل ِ مشاعرہ مادری اور اردو زبان کے فروغ اور کشمیری تہذیب وتمدن اور ثقافت کو تقویت دینے کے اعتراف میں منعقد کیا گیا ۔ مہمانانِ خصوصی میں شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے سربراہ پروفیسر(ڈاکٹر) ایم اے اے صدیقی ،ڈیپارٹمنٹ آف اسٹوڈنٹ ویلفیئر کے سربراہ پروفیسر رفیق احمد شہادار،پروفیسر (ڈاکٹر) اعجاز قریشی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے دیگر افسران و پروفیسر موجود تھے ۔

مشاعرے میں میزبان رشید راہل ، حمید ناصر ،مرزا بشیر شاکر ، انجینئر بشیر شبنم ، شوکت ساحل ،جمال علی کر بلائی نے اپنے کلام پیش کیے۔ اس کے علاوہ محفل ِمشاعرہ میں یونیورسٹی کے پروفیسر عظمت عالم اور طلبہ جن میں انیسا بشیر ، سید مرتضیٰ ، یامن خان ،جنید میر قابل ذکر ہیں ،نے بھی اپنا کلام پیش کیا ۔
شعراءنے اپنے کلام میں کشمیری اور اردو زبان وادب کی روایات، رسم و رواج، تہذیب و ثقافت کو بیان کیا۔ اس مشاعرہ سے لطف اندوز ہونے کیلئے کثیر تعداد میں سننے والے اور ادب سے محبت رکھنے والے طلباءوطالبات واحباب موجود تھے جن کی تعداد 500 سے زائد تھی۔
اس موقع پر زرعی یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے سربراہ پروفیسر(ڈاکٹر) ایم اے اے صدیقی نے محفل مشاعرہ کے انعقاد کو یونیورسٹی کے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ میں سخن ورانہ ذوق قابل رشک ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلباءوطالبات کا ادب سے گہری وابستگی ،تعلق ،تعلم اور تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سخنور سماج اور معاشرے کا وہ حساس طبقہ ہے ،جنکی سنجیدگی اشعار کی صورت میں آئینہ دار ہے ،لہٰذا طلبا و طالبات کو ان لمحات سے مستفید ہونی کی ضرورت ہے ،کیوں کہ بہترین سخنوروں کو سننے کا بار بار موقع نہیں ملتا ۔
ادارہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل نے کہا کہ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایشین میل ایک پلیٹ فارم کی حیثیت سے اپنا رول ادا کرے گا اور وعدہ بند ہے کہ طلبہ کی تحایر کو منظر عام پر لایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی شاعری ہو یا مضامین ایشین میل کے اخبار میں ترجیحی بنیادوں پر شائع کئے جائیں گے جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو وقف رکھا جائے گا ۔محفل مشاعرہ کے آخر پر شعرا کو اعزاز ات سے بھی نوازا گیا ۔





