کولگام تصادم : پانچ ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری :پولیس

کولگام تصادم : پانچ ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری :پولیس
سری نگر:جنوبی ضلع کولگام کے سامنو علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین پچھلے 20گھنٹوں سے جاری تصادم میں 5ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے رہائشی مکان میں محصور ملی ٹینٹوں کو کئی دفعہ خو د سپردگی کی بھی پیشکش کی تاہم وہ لڑنے پر بضد رہے ۔

اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے سامنو گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے۔

پولیس ذرائع نے بتایاکہ جمعرات کی سہ پہر سیکورٹی فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ کولگام کے سامنو گاوں میں نصف درجن کے قریب ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدیدگولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جمعرات شام آٹھ بجے تک سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد فورسز نے پورے علاقے میں چار دائروں والی سیکورٹی تعینات کی تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے سامنو اور اس کے متصل متعدد علاقوں کو پوری طرح سے سیل کیا اورلوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی۔

ان کے مطابق جمعے کی صبح ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین پھر گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا اور بعد ازاں فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکان میں محصور ملی ٹینٹوں کو خود سپردگی کرنے کا بھی بھر پور موقع فراہم کیا گیا تاہم دہشت گردوں نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد فورسز نے مکان کو بارودی مواد سے اڑا دیا ۔

دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کولگام کے سامنو علاقے میں پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.