جھیل ڈل کے 5.1 کلو میٹر طویل شمالی فرنٹ کو موسم سرما سے قبل کھول دیا جائے گا:حکام

جھیل ڈل کے 5.1 کلو میٹر طویل شمالی فرنٹ کو موسم سرما سے قبل کھول دیا جائے گا:حکام

سری نگر: شہرہ آفاق جھیل ڈل کے 5.1 کلو میٹر طویل قدیم شمالی فرنٹ کو موسم سرما سے قبل سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا جس سے وہ بغیر کسی پریشانی کے گرد و پیش کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
جھیل ڈل کے اس شمالی فرنٹ کی تعمیر و ترقی سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری ہے جس کی تکمیل رواں برس کے ماہ نومبر تک متوقع ہے۔سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے کمشنر اطہر عامر خان کا کہنا ہے کہ ہمارے اہم ترین پروجیکٹوں میں شمار ہونے والے اس پروجیکٹ کا کام ماہ نومبر تک مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘نشاط سے حبک تک قریب 5.1 کلو میٹر طویل جھیل ڈل کا شمالی فرنٹ سری نگر سمارٹ سٹی کے تحت ہمارے پروجیکٹوں میں سے ایک اہم پروجیکٹ ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ کا کام مکمل ہو رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے 40 سے 50 دنوں میں اس کو سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔
موصوف کمشنر نے کہا کہ سری نگر شہر میں یہ پروجیکٹ ہمارے بہترین پروجیکٹووں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا: ‘آپ چل سکتے ہیں سائیکل چلا سکتے ہیں، بیٹھ سکتے ہیں، کافی پی سکتے ہیں اور جھیل ڈل کے سب سے قدیم حصے ‘حضرت بل بیسن’ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ان کا ایک اور پوسٹ میں کہنا تھا کہ اس کو موسم سرما سے پہلے ہی کھول دیا جائے گا اور سیاح سرما میں یہاں برف باری سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
294 مربع کلو میٹروں پر پھیلے سری نگر شہر کو ہاوئسنگ اور شہری امور کی وزارت کے ذریعے شروع کئے گئے سمارٹ سٹی مشن کے لئے منتخب شدہ شہروں میں سے ایک شہر ہے۔
سری نگر میں ماہ مئی کے اواخر میں منعقدہ جی ٹونٹی ورکنگ ٹورزم گروپ کے اجلاس سے قبل کئی پروجیکٹوں کو مکمل کیا گیا۔اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سال 1952 میں قائم شدہ مشہور پولو ویو مارکیٹ کی سر نو تعمیر و تجدید کی گئی۔
سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں واقع گھنٹہ گھر کو سر نو تعمیر کیا گیا اور اس کے علاوہ جہلم ریور فرنٹ اور مولانا آزاد روڈ کو بھی مکمل کیا گیا۔اس پروجیکٹ کے تحت سری نگر میں سمارٹ الیکٹرک بسوں کو بھی متعارف کیا گیا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.