جموں وکشمیر کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے، کوئی نقصان نہیں

جموں وکشمیر کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے، کوئی نقصان نہیں
ڈوڈہ، 14 جون : ضلع ڈوڈہ میں 5.4 کی شدت کے زلزلے کے ایک روز بعد جموں وکشمیر میں بدھ کی صبح یکے بعد دیگرے چار زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق پہلا زلزلہ ضلع ڈوڈہ میں بدھ کی علی الصبح 2 بجکر 20 منٹوں پر آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی اور زیر زمین اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
اسی ضلع میں 21 منٹوں کے وقفے کے بعد دوسرا ضلع ٹھیک 2بدھ کی علی الصبح بجکر 41 منٹوں پر آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
تیسرا زلزلہ بھی ضلع ڈوڈہ میں ہی بدھ کی صبح 7 بجکر 56 منٹوں پر آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔چوتھے زلزلے کے جھٹکے ضلع کشتواڑ میں 8 بجکر 29 منٹوں پر محسوس کئے گئے۔
سینٹر کے مطابق اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 5 کلو میٹر تھی۔تاہم ان زلزلوں سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں منگل کی دو پہر کو 5.4 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کا مرکز ضلع ڈوڈہ تھا اور اس زلزلے سے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
جموں وکشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار میں آتا ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.