پونچھ میں ایل او سی پر اسلحہ و منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، 3 گرفتار

پونچھ میں ایل او سی پر اسلحہ و منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، 3 گرفتار

جموں، 31 مئی: فوج نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے گل پور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بدھ کی علی الصبح گولیوں کے تبادلے کے بعد 3 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ و منشیات اسمگل کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق طرفین کے درمیان گولیوں کے تبادلے کے دوران ایک فوجی جوان اور گرفتار شدگان میں سے ایک زخمی ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ گل پور سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر تعینات فوجی جوانوں نے بدھ کی علی الصبح مشکوک نقل و حمل دیکھتے ہی ان افراد کو چلینج کیا جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں فوری طور پر پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا جس دوران 3 افراد جن میں سے ایک زخمی تھا، کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ بر آمد کی گئی۔

مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اس دوران ایک فوجی جوان بھی زخمی ہوا ہے۔

گرفتار شدگان کی شناخت26 سالہ محمد فاروق، جس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے، 23 سالہ محمد ریاض اور 22 سالہ محمد زبیر ساکنان کر مارا کے بطور ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا: ‘ایسا لگتا ہے کہ انہیں اسلحہ اور منشیات کی کھیپ سرحد پار سے ملی تھی اور جب فوج نے ان کو روکا وہ اس وقت اس کو اس طرف سمگل کرنے کی کوشش کرتے تھے’۔

حکام کے مطابق بر آمد شدہ اسلحہ میں ایک اے کے 47 رائفل، 2 پستول، 6 گرینیڈ، پریشر کوکر میں رکھی گئی ایک آئی ای ڈی اور مشتبہ ہیرائن کے 20 پاکیٹ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے اور فوج اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار وہاں موجود ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.