کشمیر: تین روزہ دورے کے بعد جی ٹونٹی مندوبین دہلی روانہ

کشمیر: تین روزہ دورے کے بعد جی ٹونٹی مندوبین دہلی روانہ

سری نگر، 25 مئی : سری نگر میں سہہ روزہ جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس اختتام پذیر ہونے کے بعد جمعرات کی صبح مندوبین دہلی کے لئے روانہ ہوئے۔
بتادیں سری نگر میں پیر سے شروع ہونے والا یہ سہہ روزہ اجلاس بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ تمام مندوبین سری نگر ہوائی اڈے سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے جمعرات کی صبح 10 بجکر 20 منٹ پر دہلی روانہ ہوئے۔
یہ اجلاس شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر( ایس کے آئی سی سی) میں منعقد ہوا تھا۔
اجلاس کے آخری دن برستی بارشوں کے بیچ مندوبین مختلف سرگرمیوں میں مصروف رہے اور وہ مغل باغات کی پر کیف و دلکش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
بدھ کے روز جی ٹونٹی مندوبین نے جہاں نشاط باغ میں تصویریں کھنچیں وہیں سری نگر کے پولو ویو مارکیٹ میں مختلف چیزوں خاص طور پر کشمیری دستکاریوں جیسے پشمینہ شال وغیرہ کی خریداری بھی کی۔
مندوبین اس سہہ روزہ دورے کے دوران سری نگر میں واقع للت گرینڈ پلیس ہوٹل اور تاج ویونتا ریزورٹ میں قیام پذیر تھے۔
بتادیں کہ سری نگر میں 22 مئی کو سہہ روزہ جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس شروع ہوا تھا۔
یہ دفعہ 370 کی تنیسخ کے بعد جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والا سب سے برا بین الاقوامی سطح کا اجلاس ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے زائد از 70 مندوبین پیر کی صبح دہلی سے دو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے سری نگر پہنچے تھے۔
وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.