راجوری میں شادی و دیگر تقریبات پر پٹاخے پھوڑنے پر پابندی عائد

راجوری میں شادی و دیگر تقریبات پر پٹاخے پھوڑنے پر پابندی عائد

جموں، 13 مئی: جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کی انتظامیہ نے ضلعے میں شادی بیاہ و دیگر تقریبات کے دوران پٹاخے پھوڑنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ راجوری وکاس کنڈل کی طرف سے پٹاخوں پر پابندی کا حکمنامہ ایس ایس پی راجوری کی اس اطلاع کے بعد جاری کیا گیا جس کے مطابق شادی بیاہ کے موسم اور دیگر تقریبات کے دوران خاص طور رات کے وقت لوگوں کی طرف سے پٹاخے پھوڑنا سیکورٹی فورسز، فوج اور پولیس میں الجھن کا باعث بن جاتا ہے۔
حکمنامے کے مطابق سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر موصوف ایس ایس پی نے پٹاخوں کی سیل پر پابندی اور شادی اور دیگر تقریبات پر پٹاخے نہ پھوڑنے کے بارے میں لوگوں کو میڈیا کے ذریعے اور عوامی مقامات پر ڈھول بجانے کی وساطت سے آگاہی فراہم کرنے کی سفارش کی ہے۔
تاہم ضلع انتظامیہ کے سربراہ وکاس کنڈل نے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت ضلع مجسٹریٹ کی حیثیت سے اگلے احکامات تک ضلع راجوری کے علاقائی دائرہ اختیار میں پٹاخوں کی ذخیرہ اندوزی، فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم فوری طور نافذ العمل ہوگا اور اس معاملے میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی جائے گی۔
حکمنامے کے مطابق حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.