ہفتہ, ستمبر ۲۱, ۲۰۲۴
19 C
Srinagar

کشمیر: ایشیا کا سب سے بڑا باغ گل لالہ سیاحوں کے لئے ہر لحاظ سے تیار

سری نگر، 18مارچ: سری نگر کی زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایشیا کا سب سے بڑا باغ گل لالہ زائد از12 لاکھ حسین و جمیل ٹولپ گھٹلیوں کے ساتھ سیاحوں کی آمد کے لئے ہر لحاظ سے تیار ہے۔بتادیں کہ متعلقہ حکام کے مطابق باغ گل لالہ کو 19 مارچ سے عوام کے لئے کھولا جائے گا۔شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع اس وسیع و عریض اور دلکش باغ جس میں لاکھوں رنگ برنگی ٹلپ بلب لگے ہوئے ہیں،کو لیفٹیںنٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے اتوار کی دو پہر کو عوام کے لئے کھولے جانے کی توقع ہے۔باغ گل لالہ میں امسال ہالینڈ سے بر آمد شدہ چار نئے ٹلپ کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں کیپ کنیا، سویٹ ہارٹ، ہیملٹن اور کرسمس ڈریم شامل ہیں۔ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ موسم بہار کی آمد پر 68 رنگ برنگی اقسام کے ٹیولپ بلب کے علاوہ ڈیفوڈل، ہائیسن، مسکری کے چشم کشا پھول اور بادام، خوبانی، آڑو کے درخت بھی باغ کی خوبصورتی و شان و شوکت میں چار چاند لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ باغ میں فی الوقت زائد از ایک درجن اقسام کے 25 فیصد ٹولپ کھل گئے ہیں اور موسم ساز گار رہنے کی صورت میں باقی ٹولپ بھی کھلیں گے۔انہوں نے کہا: ‘گل لالہ کا پھول بہت ہی نازک ہونے کے ساتھ ساتھ اِس کی زندگی صرف 15 سے 17 دنوں پر ہی محیط ہوتی ہے۔ تاہم ٹیولپ کی زندگی اس کے قسم اور موسمی صورتحال پر منحصر ہے۔ اگر موسم سرد رہا تو اس کی زندگی بڑھ سکتی ہے۔ اگر درجہ حرارت 20 ڈگری سے اوپر چلا گیا تو اس کی زندگی کچھ دن مختصر ہوجاتی ہے’۔اتوار کو باغ کی افتتاحی تقریب پر مہمانوں کی تفریح کے لئے موسیقی کے ایک پروگرام کا انعقاد بھی متوقع ہے۔

سینکڑوں باغبانوں اور مزدوروں کی کئی مہینوں کی پیہم محنت کا نتیجہ ہے کہ زائد از 30 ایکٹر اراضی پر محیط اس باغ کو سیاحوں کے لئے ہر لحاظ سے تیار کیا گیا ہے۔باغ کو مزید دلکش و دلپذیر بنانے کے لئے امسال ایک واٹر چینل جو باغ کے بیچوں بیچ موجود تھی کو مزید بڑھایا گیا اور اس کے علاوہ باغ میں فواروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں باغ کی سیر سے لطف اندوز ہونے کئے لئے جسمانی طور معذور اور عمر رسیدہ لوگوں کے لئے ویل چیئرز کو دستیاب رکھا گیا ہے اور دوسری سہولیات کو بھی بڑھایا گیا ہے۔امسال سیاح قریب 600 کنال اراضی پر پھیلے اس باغِ گل لالہ میں لگی 68 اقسام کی 16 لاکھ سے زیادہ ٹیولپ گٹھلیوں کے حسین نظاروں سے محظوظ ہوں گے۔

وادی کشمیر میں کئی برسوں کے بعد سال گذشتہ ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد دیکھی گئی اور باغ گل لالہ کی سیر ان کی ترجیحات میں تھی۔قابل ذکر ہے کہ پہلے سراج باغ کے نام سے مشہور اندرا گاندھی میموریل ٹلپ گارڈن کو سال 2008 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے قوم کے نام وقف کیا تھا۔ باغ گل لالہ کے قیام کا بنیادی مقصد وادی میں شعبہ سیاحت کو مزید فروغ دینا تھا۔باغ گل لالہ بالی ووڈ فلم سازوں کے لئے بھی محبوب مقام ہے جس کے پیش نظر گذشتہ ایک دہائی کے دوران یہاں کئی فلموں کی شوٹنگ کی گئی۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img