یونٹی مٹن ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے بینر تلے قصابوں کا سری نگر میں احتجاج

یونٹی مٹن ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے بینر تلے قصابوں کا سری نگر میں احتجاج

سری نگر،16 جنوری: یونٹی مٹن ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے بینر تلے درجنوں قصابوں نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی ’ہمارے ساتھ انصاف کرو‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر محمد سلیم میر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ نا انصافی ہور ہی ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہماری دکانیں روز بروز سیل ہو رہی ہیں، وہ بھی بنا بتائے، کبھی بولتے ہیں لائسنسز کا مسئلہ ہے تو کبھی بولتے ہیں ریٹ کا معاملہ ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے ہمارے ساتھ 535 روپیے فی کلو ریٹ مقرر ہوئی ہے تب سے اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ ہم اس ضمن میں متعلقہ حکام کے پاس بھی گئے۔
موصوف صدر نے کہا کہ اب ہمارے کنبوں پر اس کا اثر پڑنے لگا ہے۔
انہوں نے کہا: ’اگر ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو ہم اپنے کنبوں کو لے کر بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے‘۔
ان کا سوالیہ انداز میں کہنا تھا: ہماری دکانیں سیل کیوں کی جا رہی ہیں ریٹ مقرر کریں جو قانون دلی ، لداخ یا جموں میں ہے وہ یہاں کشمیر میں کیوں نہیں ہے‘۔
محمد سلیم نے کہا کہ اس طبقے سے دو ڈھائی لاکھ لوگ جڑے ہوئے ہیں جن سب کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اپیل ہے کہ ہمیں بھی کام کرنے دیا جائے تاکہ ہم بھی اچھی طرح سے زندگی گذار سکیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.