کشمیر: برف باری کے بعد موسم خشک، گلمرگ میں رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ

کشمیر: برف باری کے بعد موسم خشک، گلمرگ میں رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ

سری نگر،14 جنوری: وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھاری اور میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری کے بعد وادی میں موسم بہتر ہوا ہے اور معمولات زندگی بھی بتدریج واپس پٹری پر آ رہے ہیں۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گرواٹ ریکارڈ ہوئی اور سیاحتی مقام گلمرگ میں رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 18 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور میدانی علاقوں میں دھند بھی رہ سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 19 جنوری کو مغربی ہواؤں کی ایک اور لہر وارد وادی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں موسم ایک بار پھر خراب ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اسی مدت کے دوران قاضی گنڈ میں 50.9 سینٹی میٹر اور کپوارہ میں 10.4 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک فٹ تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں 47 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر بالائی علاقوں میں بھی کہیں ایک فٹ تو کہیں اس سے بھی زیادہ برف جمع ہوئی ہے۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.