جمعہ, نومبر ۷, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

یک رنگ بننے کی ضرورت

وزیر داخلہ امت شاہ کا دورہ جموں وکشمیر کس قدر عوام کیلئے فائدہ مند رہا ہے اور اس دورہ سے اُنہیں یعنی وزیر داخلہ کو کیا کچھ حاصل ہوا ہے، یہ آنے والے وقت سے بخوبی معلوم ہوگا ۔

لیکن وزیر داخلہ کی تقریر میں دو اہم باتیں جو سامنے آئی ہیںوہ واقعی لوگوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے جن پر غور کرنے کی بے حد ضرورت ہے ۔

وزیر داخلہ نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ اور محبوبہ مفتی سے مخاطب ہو کر کہا کہ یہ دونوں سیاستدان کان کھول کر سن لیں کہ انہوں نے گزشتہ 70برسوں کے دوران اپنے اپنے وقتوں میں جموںوکشمیر کے عوام کیلئے کیا کچھ کیاہے اور بی جے پی نے گزشتہ چند برسوں میں کس قدر تعمیراتی کام عملائے ہیں ،وہ سب کے سامنے ہیں ۔

دوسری اہم بات جو وزیر داخلہ نے کہی وہ یہ ہے کہ ہم جموں وکشمیر کے لوگوں سے ہر وقت بات کرتے ہیں اور کرینگے لیکن پاکستان کےساتھ ہرگز نہیں ۔گزشتہ 70برسوں سے ہمیںیہی سنایا گیا کہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے بھارت اور پاکستان کے درمیان اس مسئلے پر بات چیت ہونی چاہیے جو کہ ملک کی قیادت بھی تسلیم کرتی ہے کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر پاکستان نے جبری طور ہڑپ کیا ہے جس پر بات کرنی ہے ۔

جہاں تک این سی ۔پی ڈی پی کا تعلق ہے انہوں نے ہمیشہ سے کشمیر ی عوام کو اندرونی خود مختاری ،سیلف رول جبکہ حریت لیڈران نے حق خود اداریت کے نام پر گمراہ کیا ،اس طرح وہ 7دہائیوں تک عوام کو گمراہ کرتے رہے اور اپنے لئے اور اپنے دوست واحباب اوررشتہ داروں کیلئے عیش وعشرت کا سامان تیارکیا جبکہ عام لوگ خواب غفلت میں رہے اور بے شمار بچے اس غفلت اور گمراہی کے ہتھے چڑھ گئے ۔

آگ وآہن کا کھیل برسوں سے جاری ہے ،ا س طرح عام لوگ غربت وافلاس اور خوف ودہشت کے شکار رہے ۔آج اگر وادی میں وزیر داخلہ ہزاروں لوگوں کے اجتماع میں اسطرح کی دوٹوک بات کرتے ہیں کہ کشمیری عوام سے بات کرینگے تو اُن سیاستدانوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ ملک کی قیادت ہی اُنکے مسائل حل کر سکتی ہے اور اُن ہی کےساتھ اپنی وابستگی عوامی فلاح وبہبود کیلئے رکھنی چاہیے نہ کہ عوام کو فضول بیانات اور نعروں سے گمراہ کر کے ووٹ بٹورنے چاہیے ،جیساکہ آج تک ہوتا آیا ہے جو سیاستدان خود کو جموں وکشمیر کے عوا م کاغمخوار کہتے ہیں ۔

ویسے بھی سیاست اور جمہوریت میں ہر طرح کے آپشن کھلے ہوتے ہیں ۔بات چیت کے دروازے بند نہیں ہوتے ،لیکن جمہوری نظام کو سمجھ کی ضرورت ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img