نئی دہلی،: کانگریس کا نام لیے بغیر وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ایک تفرقہ انگیز ذہنیت نے 1937 میں ملک کی تعمیر کے مہامنتر وندے ماترم کے کچھ حصوں کو ہٹا کر توڑ دیا تھا اور وندے ماترم کی اس تقسیم نے ملک کی تقسیم کا بیج بھی بو دیا تھا۔
مسٹر مودی نے اہل وطن بالخصوص نوجوانوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تفرقہ انگیز ذہنیت آج بھی ملک کے لیے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے اور اس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔مسٹر مودی نے قومی گیت وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہاں منعقدہ یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایک یادگاری سکہ اور ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا اور وندے ماترم کے لیے وقف ایک پورٹل بھی لانچ کیا۔ مرکزی حکومت نے وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر سال بھر کے پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروگرام اگلے ایک سال کے دوران پانچ مرحلوں میں منعقد کیے جائیں گے۔
آزادی کے بعد سے ملک کی تعمیر میں وندے ماترم کے اہم سفر کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ وندے ماترم سے جڑا ایک اور موضوع ہے جس پر بحث کرنا اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، "آزادی کی جدوجہد میں وندے ماترم کے جذبے نے پوری قوم کو روشن کیا تھا۔ لیکن بدقسمتی سے 1937 میں وندے ماترم کی اہم حصوں کو، اس کی روح کے ایک حصے کو الگ کر دیا گیا تھا۔ وندے ماترم کو توڑ دیا گیا تھا۔ اسے ٹکڑے کیے گئے تھے۔ وندے ماترم کی اس تقسیم نے ملک میں تقسیم کا بیج بویا تھا۔ قوم کی تعمیر کے مہامنتر کے ساتھ یہ ناانصافی کیو ہوئی۔ یہ آج کی نسل کے لیے جاننا ضروری ہے، کیوں کہ وہی تفرقہ انگیز سوچ آج بھی ملک کے لیے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، "ہندوستان میں یہ صلاحیت ہے، ہمیں اس کے لیے خود پر یقین کرنا چاہیے۔”منفی سوچ رکھنے والے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شک پیدا کرنے کی ان کی کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منفی سوچ رکھنے والے شکوک پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس سوچ سے نمٹنے کے لیے ہمیں آنند مٹھ کے واقعے کو ذہن میں رکھ کر قدم اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا، "مادر وطن کے 140 کروڑ لوگ اور ان کے 280 کروڑ بازو ہیں۔ ہمارے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ خود انحصار ہندوستان کے عزم کو پورا کرنا ہر ایک کا عزم ہونا چاہیے۔”
وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے، مسٹر مودی نے کہا کہ ہر تخلیق ایک بنیادی پیغام ہوتی ہے، بنیادی جذبہ ہوتا ہے اور وندے ماترم کا بنیادی جذبہ بھارت اور ماں بھارتی ہے۔ یہ ہندوستان کا ابدی تصور ہے۔ اسی بنیاد پر ہندوستان نے طاقت اور اخلاقیات کے درمیان توازن برقرار رکھتے ہوئے اپنی ثقافتی شناخت بنائی۔ ہندوستان کا یہ تصور اس کی نظریاتی طاقت ہے۔
یواین آئی





