امیت شاہ راجوری اور بارہمولہ اضلاع میں عظیم الشان جلسوں سے خطاب کریں گے: سنیل شرما

امیت شاہ راجوری اور بارہمولہ اضلاع میں عظیم الشان جلسوں سے خطاب کریں گے: سنیل شرما

سری نگر،24 ستمبر: سابق وزیر اور بی جے پی کے کشمیر امور کے انچارج سنیل شرما نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ جموں و کشمیر کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ موصوف وزیر داخلہ اپنے دورہ جموں و کشمیر کے دوران راجوری اور بارہمولہ اضلاع میں بالترتیب یکم اور دو اکتوبر کو عظیم الشان جلسوں سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امیت شاہ 30 ستمبر کو جموں پہنچیں گے اور پھر یکم اکتوبر کو راجوری میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کریں گے۔
موصوف انچارج نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’امیت شاہ جی ضلع بارہمولہ میں دو اکتوبر کو ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے جس میں نہ صرف شمالی کشمیر کے لوگ بلکہ وادی بھر کے لوگ حصہ لیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’موصوف وزیر داخلہ ریلی میں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مختلف امور پر بات کریں گے اور جموں وکشمیر کی ترقی کے حوالے سے بھی مختلف باتوں کو اجاگر کریں گے‘۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹر شرما نے کہا کہ جموں وکشمیر میں انتخابات کے انعقاد کے بارے میں اعلان کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہاں انتخابات لڑنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امیت شاہ کے دورہ جموں و کشمیر کو انتخابات کے ساتھ جوڑنا بہت جلد غلط ثابت ہوگا۔
موصوف انچارج نے کہا کہ یہ ان کا اس خطے کا معمول کا دورہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موصوف وزیر داخلہ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں اور سیکورٹی امور کا جائزہ لینے کے لئے جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امیت شاہ اپنے اس دورے کے دوران یہاں جموں وکشمیر وقف بورڈ کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے کینسر ہسپتال کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.