امسال تین لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے امر ناتھ گھپا پر حاضری دی، مقامی لوگوں کا شکر گزار ہوں :ایل جی منوج سنہا

امسال تین لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے امر ناتھ گھپا پر حاضری دی، مقامی لوگوں کا شکر گزار ہوں :ایل جی منوج سنہا

سری نگر،12اگست:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یاترا کے پُر امن انعقاد پر سیول انتظامیہ، مقامی لوگوں اور سیکورٹی فورسز کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ امسال 3لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے امر ناتھ گھپا پر حاضری دی۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے پانچ برسوں کے دوران امسال سب سے زیادہ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
ان باتوں کا اظہار ایل جی نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ کووڈ کے باعث پچھلے دو سالوں سے یاترا نہیں ہو پائی اور رواں سال یاترا کے پُر امن انعقاد کی خاطر انتظامیہ نے پہلے ہی تیاریاں شروع کی تھیں۔
ایل جی منوج سنہا نے مزید بتایا کہ سیول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز نے یاترا کے دوران جس طرح سے اپنے فرائض انجام دئے وہ سراہنا کے قابل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امسال 3لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے پوترا گھپا پر حاضری دی۔
اعدادو شمار ظاہر کرتے ہوئے ایل جی نے بتایا کہ سال 2016 میں 2لاکھ 20 ہزار یاتریوں نے امر ناتھ گھپا کے درشن کئے تھے، سال 2017 میں دو لاکھ ستر ہزار ، سال 2018 میں دو لاکھ 85 ہزار اور سال 2019 میں تین لاکھ 47 ہزار یاتری وارد کشمیر ہوئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ پچھلے پانچ برسوں کے اعدادو شمار سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ رواں برس سب سے زیادہ یاترا یہاں آئے اور پوترا شیو لنگم کے درشن کرکے واپس اپنے گھروں کی طرف روانہ ہوئے۔
موصوف ایل جی نے بتایا کہ امسال بالتل میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں کئی دنوں تک یاترا کو روکنا پڑا لیکن میں مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ آرمی ، فوج ، سیکورٹی فورسز ، انتظامیہ ، شرائن بورڈ این ڈی آر ایف اور دوسرے لوگوں نے سخت محنت کی اور یاترا کو چند دنوں کے اندرا ندر ہی دوبارہ بحال کیا جس وجہ سے ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے یاتریوں نے درشن کئے۔
ایل جی نے کہاکہ اگر بادل پھٹنے کا واقع رونما نہ ہوا تھا تو امسال ریکارڈ توڑ یاتریوں کی آمد متوقع تھی۔
انہوں نے کہا ، ” امسال 44 دنوں پر یاترا محیط تھی تاہم 20 دن موسم کافی خراب رہا اور پوترا گھپا کے اردگرد بارشیں ہوتی رہی لیکن اس کے باوجود بھی پوترا گھپا کے نزدیک تعینات فوجی اہلکاروں نے اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیں“۔
اُن کے مطابق پوترا گھپا کے نزدیک پہلے صرف ستر ہزار یاتریوں کے لئے گنجائش تھی لیکن امسال ہم نے ایک لاکھ سے زائد یاتریوں کے لئے انتظام کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ یاتریوں کی سہولیات کے لئے سری نگر میں ہیلی کاپٹر سروس بھی شروع کی تھی جبکہ یاتریوں کی ٹریکنگ کی خاطر ایف ڈی آئی سسٹم بھی نصب کیا تھا۔
ایل جی منوج سنہا نے بتایا کہ یاترا کے دوران ایک بچی امر ناتھ گھپا کے نزدیک اپنے رشتہ داروں سے بچھڑ گئی تاہم اسی ٹریکنگ سسٹم کی وجہ سے اُس کا پتہ لگا کر والدین کے سپرد کیا گیا۔
اُن کے مطابق ٹریفک جام کے پیش نظر لوگوں کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا تاہم مجموعی طورپر یاترا پُر امن طورپر کامیاب رہی اور اس کو کامیاب کرانے میں سبھی نے اپنا تعاون پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں یہاں کے لوگوں کو سب سے زیادہ شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا جب بادل پھٹنے کا واقع رونما ہوا تو یہاں کے لوگوں نے کس طرح یاتریوں کی مدد کی ۔
چھ لاکھ یاتریوں کے ٹارگیٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایل جی نے بتایا کہ ہم نے ٹارگیٹ نہیں بلکہ امکان ظاہر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دو سال کووڈ کی وجہ سے یاترا نہیں ہو پائی تھی لہذا ہم توقع کر رہے تھے کہ امسال زیادہ سے زیادہ یاتری امر ناتھ گھپا کے درشن کے لئے آئیں گے لیکن جتنے بھی آئے ہم اس سے مطمئن ہے۔
ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ اگر بیس روز تک موسم خراب نہیں رہتا تو یاتریوں کی آمد میں مزید اضافے کا امکان تھا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.