سری نگر،28 جولائی: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو رام بن کے مہاڑ اور پانتھیال علاقوں میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے جمعرات کو ایک بار پھر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ کو بھی جمعرات کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ کو ضلع رام بن میں مہاڑ اور پانتھیال علاقوں میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل سری نگر، جموں اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔
سری نگر- لیہہ شاہراہ کو گاندر بل کے کلن گنڈ علاقے میں تازہ مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے افردای قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔
تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے اور جموں –پونچھ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کر دیا گیا ہے۔
یو این آئی





