بلال احمد راتھر: تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ٹائیکانڈو چمپیئن شپ میں ملک کی نمائندگی کرنے والا نوجوان

بلال احمد راتھر: تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ٹائیکانڈو چمپیئن شپ میں ملک کی نمائندگی کرنے والا نوجوان

سری نگر، یکم جولائی: وادی کشمیر کے نوجوان دیگر شعبہ ہائے حیات کے علاوہ کھیل کے مختلف شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا قومی و بین الاقوامی سطح پر لوہا منوا رہے ہیں وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے پاٹواؤ گاؤں سے تعلق رکھنے والے نوجوان ٹائیکانڈو کھلاڑی بلال احمد راتھر تھائی لینڈ میں ماہ اگست میں کھیلی جانی والی ٹائیکانڈو چمپئین شپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے بین الاقوامی سطح تک پہنچنے کے لئے سخت محنت کرنا پڑی ہے اور اس مقام تک پہنچنے میں میرے کوچ اور اہلخانہ کا کافی سپورٹ رہا۔
انہوں نے اپنے اس سفر کے متعلق یو این آئی کے ساتھ تفصیلی گفتگو کے دوران کہا کہ میں چوتھی جماعت کا ہی طالب علم تھا جب سے میں نے ٹائیکانڈو کھیلنا شروع کیا۔
بلال احمد نے کہا کہ میں روزانہ گھر میں ہی پریکٹس کرتا تھا کیونکہ علاقے میں یہ سیکھنے کے لئے کوئی بندوبست نہیں تھا۔
انہوں نے کہا: ’سال2012 سے میں نے سخت محنت کرنا شروع کی کیونکہ اس وقت میں نے ہائیر سیکنڈری میں داخلہ لیا تھا جہاں کچھ بچے ٹائیکانڈو جانتے تھے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’ہائیر سیکنڈری میں سید شجاعت شاہ صاحب ہمارے فزیکل ٹیچر تھے انہوں نے میری کافی تربیت کی اور میرے اس مقام تک پہنچنے میں ان کا اہم رول ہے‘۔
موصوف کھلاڑی نے کہا کہ پہلے پہل میرے گھر والے بھی اس سے ناواقف تھے۔
انہوں نے کہا: ’سال 2012 میں جب میری پہلے ضلعی سطح پر، پھر ریاستی اور بعد میں قومی سطح پر سلیکشن ہوئی تو گھر والے بہت خوش ہوئے اور ان کی بھی اس کھیل میں دلچسپی بڑھ گئی‘۔
ان کا کہنا تھا: ’میں نے پنجاب میں منعقدہ ریاستی سطح کی چمپئین شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور قومی سطح پر کھیلی جانے والی میری پہلی چمپئین شپ تھی‘۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.