سری نگر میں رواں سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ، پارہ 34 ڈگری کے پار

سری نگر میں رواں سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ، پارہ 34 ڈگری کے پار

سری نگر، 29جون: وادی کشمیر میں گرمی کا زور ہر گذرتے دن کے ساتھ تیز سے تیز تر ہورہا ہے۔
سری نگر میں بدھ کو رواں سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیاجب پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق سری نگر میں بدھ کے روز گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا اور اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پارہ 35 ڈگری کو بھی پار کر سکتا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ماہر فیضان کینگ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر میں بدھ کے روز رواں سیزن کا گرم ترین ریکارڈ کیا گیا جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے پیشین گوئی کی کہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے اور عین ممکن ہے کہ درجہ حرارت 35 ڈگری کو پار کرسکتا ہے۔
اُن کے مطابق جموں صوبے میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مون سون بارشیں متوقع ہے جس کے نتیجے میں وادی میں بھی گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔
ماہر موسمیات فیضان کینگ نے اعدادو شمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ نو جون سال 2021 میں سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں سال 2018 کے جون مہینے میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔
ماہر موسمیات کے مطابق سری نگر ضلع میں سال 1978کے جون مہینے میں پارہ 37.8 ڈگری کو پار کر گیا تھا۔
اُن کے مطابق دس جولائی سال 1946میں آل ٹائم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ ریکارڈ آج تک نہیں ٹوٹا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ جمعے سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے کیونکہ مون سون بارشوں نے جموں میں دستک دی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.