جنوبی کشمیر کے سنگم میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ گئی

جنوبی کشمیر کے سنگم میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ گئی
سری نگر،22 جون : جنوبی کشمیر کے سنگم علاقے میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر بہنے لگی ہے تاہم سری نگر کے رام منشی باغ علاقے میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے نیچے ہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی پانی کی سطح میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے مطابق سنگم میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح 21 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پانی اس سطح تک پہنچتا ہے تو سیلاب کا اعلان کیا جاتا ہے۔
حکام نے دریا کے آس پاس کی بستیوں کے لوگوں کو چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر کے رام منشی باغ میں دریائے جہلم کی سطح آب گرچہ بڑھ گئی ہے تاہم ابھی خطرے کے نشان تک نہیں پہنچی ہے۔
حکام نے بتایا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی پانی کی سطح میں بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔دریں اثنا انتظامیہ کی طرف سے جہاں سری نگر اور دوسرے علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام شد ومد سے جاری ہے اور متعلقہ حکام حالات جائزہ لے رہے ہیں وہیں سری نگر پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن بھی قائم کی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.