سیلابی صورتحال : باندھ ٹوٹ جانے سے بمنہ سری نگر کے کئی علاقے ڈوب گئے، لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے

سیلابی صورتحال : باندھ ٹوٹ جانے سے بمنہ سری نگر کے کئی علاقے ڈوب گئے، لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے
سری نگر،22جون :سیلابی صورتحال کے بیچ بمنہ میں باندھ ٹوٹ جانے کے باعث سیلابی پانی رہائشی مکانوں میں گھس گیا جس وجہ سے لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا جارہا ہے۔

یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کے گوری پورہ اور خمینی چوک بمنہ میں باندھ ٹوٹ جانے کے باعث سیلابی پانی رہائشی مکانوں میں گھس جانے سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگر چہ مقامی نوجوانوں نے باندھ کو بچانے کی انتھک کوشش کی تاہم موسلا دھار بارشوں اور نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث باندھ ٹوٹ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے گوری پورہ اور خمینی چوک بمنہ کی پوری بستی ستی سر میں تبدیل ہو گئی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور رضا کاروں کی جانب سے رہائشی مکانوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ڈرینج سسٹم ناکارہ ہونے اور نالے کی باندھوں کی مرمت نہ کرنے کے باعث علاقے میں یہ صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سال 2014میں آئے تباہ کن سیلاب کے بعد مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے باندھوں کی مرمت اور ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے کئی بار مطالبہ کیا تاہم لوگوں کی آواز صدا بہ صحرا ثابت ہو رہی ہے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیلاب سے اُن کی قیمتی اشیاء اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا پولیس اور سیول انتظامیہ کے آفیسران علاقے میں خیمہ زن ہے اور وہ صورتحال کا از خود جائزہ لے رہے ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.