سلطان العارفین ؒ جانے والے زائرین کو مشکلات کا سامنا

سلطان العارفین ؒ جانے والے زائرین کو مشکلات کا سامنا

 کار پارکنگ کے لئے مناسب جگہ دستیاب نہیں ، وقف بورڈ انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

سرینگرکوہِ ماراں کے دامن میں واقع حضرت سلطان العارفین محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کے آستان ِ عالیہ پر روزانہ کی بنیاد پرحاضری دینے والے زائرین کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا ہے ۔کئی زائرین نے ایشین میل کو بتایا کہ جب بھی وہ اس اولیاءاللہ کے آستان عالیہ پر حاضری دیتے ہیں ،تو اُنہیں مسائل ومشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آستان عالیہ کے گرد ِ ونواح کہیں پر بھی معقول کار پارکنگ کی سہولیت دستیاب نہیں ۔ان کا کہناتھا کہ مجبور اً اُنہیں اپنی گاڑیاں سڑکوں پر ہی پارک کرنی پڑتی ہیں جبکہ مخدوم صاحب ؒ کے آستان عالیہ کے دونوں اطراف یعنی کاٹھی در وازہ اور باچھی دروازہ نوہٹہ سے آنے والے زائرین کو یکساں مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو جگہ گاڑیاں کھڑی کرنے کے لئے مختص رکھی گئی تھی ،اُس پر چھاپڑی فروشوں نے قبضہ کر رکھا ہے جسکی وجہ سے پیدل چلنے والے زائرین کو بھی مسائل کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔انہوں نے مسلم وقف بورڈ انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ کوہِ ماراں کے دامن میں واقع حضرت سلطان العارفین محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کے آستان عالیہ پر حاضری دینے والے زائرین کے لئے کار پار کنگ کی سہولیت دستیاب رکھنے کے لئے جگہ کی نشاندہی کرے جبکہ سڑکوں پر قبضہ کرنے والے چھاپڑی فروشوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ آستان عالیہ کے خستہ حال بیت الخلاءکی بحالی کا بھی مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ آستان عالیہ کے عقب میں واقع تاریخی تالاب کو بھی جاذب نظر بنایا جائے اور اسکی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ زائرین کے لئے حضرت سلطان العارفین محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ میں دیگر معقول سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.