پائین شہر میں جزوی ہڑتال، سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک کی نقل وحمل جاری

پائین شہر میں جزوی ہڑتال، سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک کی نقل وحمل جاری

سری نگر،21 مئی (یو این آئی) سری نگر کے پائین شہر میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بیچ ہفتے کے روز اہم تجارتی مراکز بند رہے تاہم سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی جبکہ سیول لائنزکے سبھی تجارتی مراکز میں معمول کے مطابق کام کاج جاری رہا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی کے موقع پر ہفتے کے روز پائین شہر میں کاروباری ادارے ٹھپ رہنے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کررہ گئی تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جاری رہی۔
شہر کے سیول لائنز علاقوں بشمول لالچوک ، بڈشاہ چوک ، ایم اے روڑ اور ریگل چوک میں تمام تر تجارتی سرگرمیاں حسب معمول جاری تھیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل حسب معمول جاری و ساری تھی۔
پائین شہر کے بیشتر علاقوں بشمول جامع مسجد ، نوہٹہ ، گوجوارہ ، راجوری کدل ، صراف کدل ، معروف تجارتی منڈی مہاراج گنج میں دکانیں اور دیگر تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں تاہم ٹرانسپورٹ شاہراوں پر رواں دواں تھا۔
یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے ہفتے کو سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت کے پائین شہر کے سبھی بازار بند ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ عید گاہ سری نگر میں بھاری سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تاہم اس دوران لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔
مئی 21کے پیش نظر شہر کے سیول لائنز اور پائین علاقوں میں سیکورٹی بندوبست کو سخت کیا گیا تھا اور شہر کے حساس علاقوں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔
پائین شہر میں جزوی ہڑتال کے بیچ سیکورٹی فورسز کو پیٹرولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس دوران راہگیروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔
شہر خاص میں اگر چہ اہم تجارتی مراکز بند رہے تاہم سیول لائنز کے لگ بھگ سبھی علاقوں میں دکانیں کھلی تھیں اور ٹرانسپورٹ بھی حسب معمول جاری تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.