شمالی کشمیرکے متعدد علاقوں میں شدید ژالہ بھاری کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان

شمالی کشمیرکے متعدد علاقوں میں شدید ژالہ بھاری کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان

سری نگر،25اپریل: سرحدی ضلع کپواڑہ سمیت شمالی کشمیر کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بیچ زور دار ژالہ بھاری ہوئی جس وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

یواین آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر کو پانچ بجے کے قریب سرحدی ضلع کپواڑہ میں موسم نے کروٹ لی جس دوران تیز آندھی کے ساتھ زور دار ژالہ بھاری شروع ہوئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کپواڑہ کے پیٹھ واری نوگام ، ریشواری ، ہائی ہامی، ماور بالا ، لاوسہ ، قلم آباد ، آڈورہ ، شاٹھ گنڈ بالا ، درنگرسو کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں قریباً دس منٹ تک شدید ژالہ بھاری جاری رہی جس وجہ سے دھان کی فصلوں ، میوہ باغات اور سبزی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
ہندواڑہ کے قاضی آباد اور راجوار میں شدید ژالہ بھاری کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔
شمالی ضلع بارہ مولہ کے پٹن علاقے سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ سہ پہر چھ بجے کے قریب تیز آندھی کے بعد ژالہ بھاری شروع ہوئی جس کے نتیجے میں لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پٹن کے ماگرے پورہ ، شر بوگ، ٹینگ پورہ ، گول ، سلطان پورہ ، گوشہ بوگ ، لولی پورہ ، ژندر ہامہ ، اندر گام اور ملحقہ علاقوں میں شدید ژالہ بھاری سے سیب کے باغات کو نقصان پہنچا ہے ۔
نامہ نگار کا کہنا ہے آدھے گھنٹے تک مذکورہ علاقوں میں شدید ژالہ بھاری اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں باغات ریگستان کا منظر پیش کر نے لگیں اور اس طرح سے کسانوں اور باغ مالکان کی سال بھر کی کمائی پر پانی پھیر گیا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.