عارضی ملازمین کو سری نگر میں زبر دست احتجاج

عارضی ملازمین کو سری نگر میں زبر دست احتجاج

سری نگر/ مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے عارضی ملازموں کی ایک بڑی تعداد نے جمعرات کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہوکر اپنے مطالبات خاص طور پر نوکریوں کی مستقلی کے لئے زبردست احتجاج درج کیا۔

احتجاجی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور ان کا احتجاج صرف پریس کالونی تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ وہ باہر سڑکوں پر بھی آگئے جس سے تجارتی مرکز لالچوک میں ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل واقع ہوئی۔

پولیس نے احتجاجی ملازموں کے چند لیڈروں کو بھی حراست میں لے لیا تاہم اس کے باوجود بھی ملازمین بر سر احتجاج رہے۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں نہ تنخواہ واگذار کی جا رہی ہے اور نہ ہی ہماری نوکریوں کو مستقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم گذشتہ پچیس پچیس برسوں سے مختلف محکموں کی خدمت کر رہے ہیں لیکن ہماری تنخواہ بہت ہی قلیل ہے جس سے ہم اپنے عیال کو پال نہیں سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس نہ بچوں کا اسکول فیس ہے اور نہ دفتر آنے جانے کے لئے بس کرایہ ہوتا ہے۔ایک اور احتجاجی نے کہا کہ آج تک جتنی بھی حکومتیں آئیں انہوں نے صرف ہمارے ساتھ وعدے کئے ہمارا کام کسی سرکار نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہت تنگ آگئے ہیں اور ہم اب اپنے عیال کو ساتھ لا کر یہاں احتجاج درج کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صاحب سے گذارش ہے کہ وہ ہمارے مسئلے کو حل کریں تاکہ ہمارے گھروں میں بھی چولھے جلنے کا بندوبست ہوسکے۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.