سری نگر،11 مارچ: جموں وکشمیر پولیس نے منشیات کی وبا کی بیخ کنی کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے سرحدی ضلع کپوارہ سے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے اکیس گرام براؤن شوگر بر آمد کیا ہے۔
گرفتار شدہ منشیات فروش کی شناخت گلزار احمد بابا ساکن آوورہ رگی پورہ کے بطور ہوئی ہے جو ایک سرکاری ملازم ہے۔
ایس ایس پی کپوارہ یوگل منہاس نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کپوارہ پولیس نے ایس ایچ او محمد رفیق کی سربراہی میں گذشتہ شب ایک ناکے پر ایک منشیات فروش کو دھر لیا۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدہ منشیات فروش کی تحویل سے اکیس گرام براؤن شوگر بر آمد کیا گیا جو اس کو کپوارہ میں نوجوانوں میں فروخت کرنا تھا۔
گرفتار شدہ منشیات فروش کی شناخت گلزار احمد بابا ساکن آوورہ رگی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
موصوف ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس کو دیکھتے ہی گلزار احمد نے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن وہاں موجود پولیس ٹیم نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کو دھر لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گلزار احمد نے انکشاف کیا کہ وہ اس منشیات کو کپوارہ کے نوجوانوں میں فروخت کرنے کے لئے جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گلزار احمد بدنام منشیات فروش ہے اور وہ علاقے میں سرکاری ملازمت کی آڑ میں چوری چھپے منشیات کا کاروبار کرنے میں ملوث ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یو این آئی