سری نگر 25فروری : جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے امشی پورہ علاقے میں جمعے کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے درمیان تصادم میں دو مقامی جنگجو اور ایک عام شہری مارے گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ عام شہریوں کو محفوظ مقام کی اور منتقل کرنے کے دوران رہائشی مکان میں موجود ملی ٹینٹ باہر آئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک عام شہری گولیاں لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوا اوربعد میں اس کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔
ادھر امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر پہاڑی ضلع شوپیاں میں جمعے کے روز موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو منقطع رکھا گیا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیاں کے امشی پورہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد 44 آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طورپر علاقے کو محاصرے میں لے کرگھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ حفاظتی عملے نے آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو باہر نکال کر اُنہیں محفوظ مقام کی اور منتقل کرنے کا عمل شروع کیا تو اسی اثنا میں ایک رہائشی مکان میں موجود ملی ٹینٹ باہر آئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک عام شہری جس کی شناخت شکیل احمد ولد عبدالرحیم خان ساکن امشی پورہ کے بطور ہوئی ہے گولیاں لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوا۔
انہوں نے کہاکہ سلامتی عملے نے زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ عام شہریوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجووں کی شناخت مزمل احمد میر ولد عبدالحمید میر ساکن چتری پورہ شوپیاں اور شارق ایوب ولد محمد ایوب وگے ساکن بونہ پورہ امشی پورہ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ ممنوع تنظیم لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ تھے ۔
انہوں نے کہاکہ دونوں سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے اور اُن کے خلاف کئی مقدمات بھی درج ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تصادم کی جگہ ایک اے کے 56رائفل ، دو میگزین، ایک چینی پستول ، ایک پستول میگزین، اور 26اے کے راونڈ کے ساتھ ساتھ دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔انہوں نے بتایا کہ برآمد کئے گئے قابل اعتراض مواد کو پولیس نے قانونی جانچ کے لیے روانہ کردیا ہے۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر جمعے کے روز ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع رہنے سے طلبا اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر احتیاطی طورپر موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بند رکھا گیا ہے۔علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔
یو این آئی