کشمیر: چلہ خورد کے تخت نشین ہونے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع

کشمیر: چلہ خورد کے تخت نشین ہونے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع

سری نگر/ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی حکومت کے خاتمے کے بعد بیس روزہ چلہ خورد کے تخت نشین ہونے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔

بتادیں کہ وادی میں ٹھٹھرتی سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان کا دور قتدار اتوار کے روز اختتام پذیر ہوا اور بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا۔

گرچہ چلہ خورد کے دوران بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم اس میں سردیوں کے زور میں بتدریج کمی واقع ہوتی ہے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی کے میدانی و بالائی علاقوں میں 2 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وادی میں چار فروری تک موسم خراب رہنے کا ہی امکان ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


 یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.